صنعاء،4جنوری(آئی این ایس انڈیا)یمن کے جنوبی علاقوں میں القاعدہ کے جنگجوؤں اور حوثی ملیشیا کے ساتھ جھڑپوں میں سولہ یمنی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی کی وفادار فورسز کی دارالحکومت صنعا اور دوسرے حصوں پر قابض حوثی ملیشیا اور ملک کے جنوب میں القاعدہ کے جنگجوؤں سے لڑائی جاری ہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق القاعدہ کے جنگجوؤں نے منگل کے روز جنوبی صوبے ابین میں واقع قصبے شقرہ کے نزدیک ساحلی علاقے میں فوج کے ایک یونٹ پر حملہ کیا ہے۔ یمنی فوجی اس وقت انتہا پسندوں کے خلاف کارروائی کے لیے جارہے تھے۔مقامی حکام کے مطابق لڑائی میں گیارہ فوجی اور القاعدہ کے پندرہ جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ القاعدہ کے جنگجوؤں نے دو فوجی گاڑیاں اور ہتھیار چھین لیے ہیں۔
درایں اثناء ابین کے ساتھ واقع صوبے شبوہ کے قصبے بیحان کے نزدیک جھڑپوں میں صدر منصور ہادی کی وفادار فورسز کے پانچ جنگجو جبکہ نو حوثی باغی ہلاک ہوگئے ہیں۔بیحان پر حوثی شیعہ باغیوں اور سابق صدر علی عبداللہ صالح کے وفادار جنگجوؤں نے قبضہ کررکھا ہے۔اس قصبے اور اس کے آس پاس یمنی فوج اور حوثی ملیشیا کے درمیان گذشتہ ایک ہفتے سے جھڑپیں جاری ہیں۔